
اسلام آباد(آئی پی ایس)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے راولپنڈی میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن کے عہدے پر متنازعہ شخصیت کی تعیناتی کے خلاف احتجاج کرنے والے اساتذہ اور دیگر سٹاف کے احتجاجی مظاہرے پر پولیس تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن مظاہرین اور میڈیا کے نمائندوں پر پولیس کا لاٹھی چارج آمرانہ ذہنیت اور فسطایت کی علامت ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں،سی ای او ایجوکیشن کی تعیناتی کے خلاف بہت جلد ملک گیر احتجاج کی کال دیں گے۔ اس وقت میں راولپنڈی ڈویژن بشمول تحصیل مری، تحصیل کوٹلی ستیاں، کلرسیداں،کہوٹہ،کے تمام تعلیمی ادارے احتجاجاً بند کیے گئے ہیں اور پنجاب حکومت نے اگر ہوش کے ناخن نہ لیے تو احتجاج کا یہ سلسلہ ملک بھر میں پھیل سکتاہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے متنازعہ سی ای او ایجوکیشن ضلع راولپنڈی اعظم کاشف کی تعیناتی کے خلاف احتجاج کرنے والے اساتذہ اور دیگر غیرتدریسی عملہ پر پولیس کے بہیمانہ تشدد اور لاٹھی چارج کیا گیاہے جس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ملک ابرارحسین نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ رویہ ناقابل قبول ہے حکومت کو چاہیے کہ اساتذہ کے مطالبات پر فوری عمل کرے اور تشدد سے گریز کرے بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ پورے ملک میں پھیل سکتاہے۔ ملک ابرارحسین کا مزید کہنا تھاکہ حکومت پنجاب کو چاہیے کہ اساتذہ کے مسائل اور مطالبات پر توجہ دے اور کسی بھی متنازعہ شخصیت کی تعیناتی سے گریز کرے۔