
کراچی(آئی پی ایس )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات بحر کمال ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد انتہائی ناقص میٹریل کے باعث شہر کے اکثر علاقوں کا انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے،سیوریج کا نظام انتہائی خستہ حال ہونے سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں،شدید تعفن کے باعث شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہوچکی ہے،مچھروں کی بھر مار کی وجہ سے بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں،ہر طرف گندگی پھیلنے سے وبائی امراض پھیلنے کے خدشات پید ہوگئے ہیں،شہر بھر میں جراثیم کش اسپرے ناگزیر ہوچکا ہے اور متعلقہ محکمے سوئے ہوئے ہیں،رات کی لوڈ شیڈنگ کے اوقات میں شہریوں حالت کربناک ہوجاتی ہے،اور حکمران سوئے ہوئے ہیں،باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات نے مذید کہا ہے کہ شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے،دہائیوں پر محیط اقربا پروری اور بدترین طرز حکمرانی نے کر اچی کو مسائل کا گڑھ بنادیا ہے،بلدیاتی دفاتر میں صرف ایک تبدیلی آئی ہے کہ ایک قائد کی جگہ دوسرے قائد کی تصاویر لگی ہوئی ہے،عوامی مسائل سے بلدیاتی اداروں کا کوئی سروکار نہیں ہے،صرف مخصوص سیاسی قائدین کی خوشنودی ہی ان کا مقصد ہے،ہر منصب کے دام طے ہیں جس کی ادائیگی کے بعد ہر چیز حاصل کی جاسکتی ہے،چپڑاسی سے لیکر اہم پوسٹوں تک ہر سیٹ برائے فروخت ہے ہر طرف لوٹ مار کا بازار گرم ہے جسے حکمران حلقوں کی پشت پناہی حاصل ہے،شہر کے حالات موجودہ حکومت وقت کی گورننس کا آئینہ ہے،انہوں نے مذید کہا ہے کہ صرف مخصوص علاقوں میں فو ٹو سیشن سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جاسکتی،شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے باہر نکلنا ہوگااور حکمرانوں کو خواب غفلت سے جگانا ہوگا،ہماری پارٹی کے ذمہ داران اپنی مددآپ کے تحت مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں،ہم شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنوں کو پہچانیں،اب مذید دھوکہ نا کھائیں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ دینے سے قبل شہر کے موجودہ حالات کو سامنے رکھیں۔