
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور حکمران اتحاد کا اجلاس آج پھر ہوگا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزراء سید خورشید شاہ اور اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں قائم کمیٹیاں اپنی الگ الگ سفارشات پیش کریں گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، پارٹی عہدیداروں اور اہم رہنماؤں کے نام ای سی ایل پر ڈالنے پر بھی غور ہوگا۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تناظر میں قانونی و آئینی امور کے بارے میں اعظم نذیر تارڑ اجلاس میں بریفنگ دیں گے جبکہ سیاسی اثرات سے متعلق سید خورشید شاہ پی ڈی ایم و حکمران اتحاد کو بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے بھی آج کے اجلاس میں بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع پی ڈی ایم کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ان کیمرہ ہوگا، اجلاس کے بعد بریفنگ متوقع ہے۔
خیال رہے کہ آج کے اجلاس کے بعد حکمران اتحاد اور پی ڈی ایم رہنماؤں کی مشترکہ پریس بریفنگ کا بھی قوی امکان ہے۔