
بیجنگ(آئی پی ایس)چینی صدرشی جن پنگ کا امریکی صدرجو بائیڈن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔چینی میڈیا کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں صدور کے درمیان دو گھنٹے کی مفصل اور واضح بات ہوئی۔دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی فون کال کے دوران امریکی اور چینی صدور نے تائیوان کے معاملے پر ایک دوسرے کو خبردار کیا ۔
چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ شی جن پنگ نے تائیوان کے معاملے پر امریکی صدر کو آگ سے نہ کھیلنے کا مشورہ دیا۔چینی میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے جو بائیڈن کو کہا کہ جو لوگ آگ سے کھیلتے ہیں وہ بلآخر جل جاتے ہیں۔دوسری جانب صدر جو بائیڈن نے اپنے چینی ہم منصب کو بتایا کہ امریکا تائیوان کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، تائیوان کے بارے میں امریکی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی ہے۔خیال رہے کہ چین تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے جبکہ تائیوان خود کو ایک علیحدہ ریاست مانتا ہے اور اس معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے تنازع چلا آ رہا ہے۔