پاکستانخیبر پختونخواہ

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس

 

پشاور (آئی پی ایس)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سمیت متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر حکام کی شرکت کی جس میں صوبہ بھر میں مختلف شعبوں کے تحت میگا ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔

 

وزیراعلیٰ محمود خان نے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی اپگریڈیشن پر کام کی سست روی پر برہمی کا اظہارکیااور ہدایت کی کہ متعلقہ ایکسین اور ایس ڈی او کو فوری معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کی جائے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، مانیٹرنگ اینڈ ایوالویشن رپورٹ کی روشنی میں محکمہ اسپورٹس کے متعلقہ حکام کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیر اعلی نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ پر عملدرآمد میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہارکیااور ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے متعلقہ اعلی حکام کا خصوصی اجلاس بلایا جائے ۔محمود خان نے مزید کہاکہ دیر موٹروے منصوبے کی الائمنٹ جلد سے جلد کلیئر کرکے سیکشن فور نافذ کیا جائے،سوات موٹروے فیز ٹو پر ایک ہفتے میں عملی کام کا آغاز کیا جائے،سیکرٹری مواصلات دیر میں سڑکوں کے جاری منصوبوں کا وزٹ کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرے،

 

پشاور ڈی آئی خان موٹروے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے تمام دستیاب آپشنز استعمال کئے جائیں۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ یہ صوبے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کے لئے اہم منصوبہ ہے،صوبائی حکومت ہر قیمت پر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنائے گی، لائیو اسٹاک یونیورسٹی سوات میں ستمبر تک کلاسز کے اجراء کے لئے انتظامات مکمل کیے جائیں، ملاکنڈ میں سیٹلمنٹ اسٹاف کی مستقلی پر کام کیا جائے، تحصیل واڑی اور الائی کو اضلاع کا درجہ دینے کیلئے ہوم ورک شروع کیا جائے،دیر تالاش میں این ایچ اے کی سڑک پر نالے کے اوپر پل کی تعمیر کے لئے منصوبہ تیار کیا جائے،دور دراز علاقوں میں ٹیوب ویلز پر ایک کی بجائے دو آپریٹرز کی تعیناتی کے فیصلے پر جلد عملدرآمد کیا جائے،جن منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ان کی مقررہ مدت میں تکمیل پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محمود خان نے کہاکہ ہسپتالوں، کالجوں اور سکولوں کے منصوبے 75 فیصد مکمل ہونے پر ان کے لئے عملے کی بھرتی اور آلات کی خریداری کا عمل بیک وقت شروع کیا جائے،محکمہ منصوبہ بندی اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ہدایت نامہ جاری کرے،ہمارے پاس وقت کم ہے ، ہم نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ انتظامی سیکرٹری سے سخت باز پرس ہوگی، اس سلسلے میں انتظامی سیکرٹریوں کو عوامی توقعات کے عین مطابق کارکردگی دکھانی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker