
ملتان(آئی پی ایس) مقامی عدالت کا بڑا فیصلہ، ایڈیشنل سیشن جج محمد ایاز نے جعلی پولیس مقابلہ میں ملوث 4 پولیس افسران کو عمر قید کی سزا سنا دی،عدالت سے نکلتے ہی ملزمان پولیس حراست سے مبینہ ملی بھگت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیل کے مطابقجعلی پولیس مقابلہ پر ملتان کی عدالت کا تاریخی فیصلہ ، پولیس افسران کو عمر قید کی سزا سنادی گئی ۔ عمر قید کی سزا پانے والے افسران میں انسپکٹر ابرار گجر ، سب انسپکٹر مختیار ، اے ایس آئی محمود اقبال اور اے ایس آئی ظفر شامل ۔ عدالت میں فیصلہ سنانے کے بعد چاروں ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔عدالت سے نکلتے ہی ملزمان پولیس حراست سے فرار ہو گئے۔ متاثرین نے دیگر پولیس اہلکاروں پر مبینہ ملی بھگت کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ تھانہ بستی ملوک میں مئی 2020 میں جعلی پولیس مقابلے میں دو شہریوں کو قتل کردیا گیا تھا۔جعلی پولیس مقابلے میں قتل ہونے والے شہریوں میں عمران رضا اور غلام شبیر شامل تھے۔ مقتول غلام شبیر کی بیوی کوثر مائی اور مقتول عمران کے بھائی عون رضا نے عدالت میں استغاثہ دائر کیا تھا ۔مدعی مقدمہ کی جانب سے ایڈووکیٹ آصف علی چوہدری اور میاں فاروق کمبوہ نے عدالت میں دلائل پیش کئے۔ تاہم عدالت نے تمام گواہوں اور ثبوتوں کی روشنی میں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی