
اسلام آباد ( آئی پی ایس)ڈینش ٹریڈ یونین ڈویلپمنٹ ایجنسی(DTDA)کے انٹرنیشنل پروگرام آفیسر مسٹر ایلون نبویا(Alvin Naboya)نے سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے مرکزی آفس کا دورہ کیاجہاں پر سی ڈی اے محنت کشوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا،اس موقع پر انھوں نے سی ڈی اے مزدور یونین کے مختلف شعبوں کا وزٹ کیا اورانھیں سی ڈی اے کے محنت کشوں کے مسائل اور ادارے سے متعلق بریفنگ دی گئی کہ کس طرح روزانہ سینکڑوں ملازمین اپنے مسائل کے سلسلے میں دفتر آتے ہیں اور اپنی شکایات اور مسائل بیان کرتے ہیں جہاں پر ان کے مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ سے بات چیت کی جاتی ہے ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروایا جاتا ہے،
اس موقع پر ڈی ٹی ڈی اے کے پروگرام آفیسر مسٹر ایلون نبویا نے پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین اور انکی ٹیم کی طرف سے مزدوروں کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور اطمینان کا اظہارکیا،اس موقع پر پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ مسٹر ایلون نبویا کی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات پورے ایشیاء بالخصوص پاکستان کے لیے قابل تحسین ہیں اور یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ انھوں نے سی ڈی اے مزدور یونین کے دفترکادورہ کیا،مسٹر ایلون نبویا نے اپنی پوری زندگی ایشیاء کے مزدوروں کے لیے کام کیا اور جس پر ہم انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور انکو مزدور یونین آفس کے دورے کے موقع پر خوش آمدید کہتے ہیں،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ہم نے ڈینش ٹریڈ یونین ڈویلپمنٹ ایجنسی اور پاکستان ورکرزفیڈریشن کے باہمی تعاون سے پورے ملک میں 400سے زائد افراد کو بطور ٹرینر اور ماسٹر ٹرینر تربیت دی جو ملک کے چاروں صوبوں میں مزدوروں کی بہتری کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جسکی وجہ سے مزدوروں میں شعوراجاگر ہوا ہے اور وہ اپنے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔