بین الاقوامی

پاکستانی سفیرمسعود خان کی امریکی سینیٹر جیک ریڈ سے ملاقات

 

واشنگٹن(آئی پی ایس)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی چئیرمین امریکی سینٹ آرمڈ سروسزکمیٹی سینیٹر جیک ریڈ سے امریکی سینٹ میں ملاقات، سینٹر جیک ریڈ گذشتہ دو دہائیوں میں سینٹ کےکلیدی عہدوں پر فائض رہے ہیں اور اب سینٹ کی اہم ترین آرمڈ سروسز کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ انٹیلی جنس، مختصات اور بنکنگ کمیٹیوں کے بھی ممبر ہیں۔ سینیٹر جیک ریڈ کئی دفعہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ سفیر پاکستان کی سینیٹر جیک ریڈ کو علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال بشمول ہمسایہ ملک میں استحکام اور خوشحالی کے لئے فضا قائم کرنے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بریف کیا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ معاشی استحکام اور ترقی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ امریکہ کے ساتھ روابط نے نئے مواقع پیدا کیے ہیں اور دونوں ممالک اپنے سات دہائیوں پر مشتمل کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی دفاعی تعلقات رہے ہیں اور ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتا رہا ہے جو کہ مستقل بنیادوں پر تعاون کا متقاضی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ نئے مواقع بھی تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ ہماری افواج کے درمیان باہمی روابط رہے ہیں۔ دونوں ممالک معاشی اور سیاسی میدان میں باہمی اشتراک جاری رکھیں گے۔ سینیٹر جیک ریڈ نے گرمجوشی سے سفیر پاکستان کو خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی جانب سے اپنے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات پاک امریکہ دیرینہ تعلقات کو مزید پروان چڑھائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ آرمڈ سروسز کمیٹی دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے پاکستان سے روابط جاری رکھے گی۔ سفیر پاکستان کی جانب سے سینیٹر جیک ریڈ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی جو کہ انہوں نے بخوشی قبول کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker