
پشین(آئی پی ایس)پشین پر قیامت ٹوٹ پڑی ،لاشوں کے ڈھیرلگ گئے ،پاک فوج بھی مدد کو پہنچ گئی۔
بلوچستان کے علاقے پشین میں "طور مرگا ملکار”ڈیم شدید بارشوں کے باعث ٹوٹ گیا جس سے بڑے پیمانے پرمالی وجانی نقصان ہوا ہے جبکہ 39افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ۔
نجی ٹی وی نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے حوالے سے بتایا کہ ’’طور مرگا ملکار‘‘ڈیم کے ٹوٹنے سے قبل امدادی ٹیموں نے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا تھا،پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر فیصل طارق کے مطابق بھاری مشینری اور ایمبولینسز کو بھی ریسکیو آپریشن کے لیے ضلع پشین بھیج دیا گیا ہےِانہوں نے مزید کہا کہ امدادی سامان، خوراک، خیمے، کمبل اور دیگر اشیاءبھی پشین ضلع میں بھیج دی گئی ہیں۔
لیویز حکام کے مطابق افغان سرحدی علاقے قمرالدین میں ویلن ڈیم کا کچھ حصہ بھی ٹوٹ گیاجس سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا اور 11 گھروں میں سیلاب آگیامتاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ،دریں اثنا، پشین، قلعہ عبداللہ، بولان، مستونگ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ایک درجن سے زائد چھوٹے اور تاخیری چیک ڈیم بارش کے پانی میں بہہ گئے، دریائے مچھ میں طغیانی کے بعد کوئٹہ جیکب آباد شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی ہے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں سے اب تک 39 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جب کہ املاک کے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے،بلوچستان غیر معمولی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور تمام سرکاری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مون سون کی حالیہ بارشوں کے لیے پہلے ہی انتظامات کر رکھے تھے لیکن بارشوں کی شدت اور صوبے کے غیر معمولی زمینی حقائق کی وجہ سے جانی و مالی نقصان ہوا۔