اسلام آباد (آئی پی ایس)اسلام آباد میں حالیہ بارشوں کے حوالے سے ندی نالوں میں 144دفعہ کے نفاذ کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیاہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورنگ نالہ ، راول ڈیم، سملی ڈیم اور سواں سمیت اسلام آباد کی حدود سے گزرنے والے خطرناک قرار دئیے گئےنشیبی علاقوں پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔عوام کو بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے بچاؤ کے لئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرکا کہنا تھا کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں یہ نوٹیفیکیشن آج سے ہی فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مون سون بارشوں کے حوالے سے ایمر جنسی نمبر کابھی اجراء کر دیا گیا ہے۔بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال میں 16 پر کال کر کے اطلاع دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایمر جنسی نمبر چوبیس گھنٹے فعال ہوگا۔