
گلگت (آئی پی ایس) شندور پولو فیسٹیول کے آخری روز چترال اے ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلگت بلتستان اے ٹیم کو 9 کے مقابلے 10 گول سے ہرا کر ٹورنامنٹ کا فائنل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میچ کے پہلے ہاف میں گلگت بلتستان کی ٹیم کو4 کے مقابلے میں 7 گول کی برتری حاصل تھی تاہم چترال کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلگت کی ٹیم کو میچ کے آخری لمحے میں فیصلہ کن گول کرکے ہرادیا۔
فائنل میچ میں چترال کی فتح کے ساتھ ہی تین روزہ پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ تین روزہ پولو فیسٹیول کے فائنل میں 25 ہزار سے زائد پولو شائقین نے شرکت کی۔ سطح سمندر سے 12 ہزار 264 فٹ بلندی پر منعقد شندور پولو فیسٹیول دنیا میں فری سٹائل پولو کا واحد مقابلہ سمجھا جاتا ہے، جہاں ہر سال گلگت بلتستان اور چترال کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے نبردآزما ہوتی ہیں۔ کرونا وبا کی وجہ سے یہ فیسٹول دو سال کے تعطل کے بعد امسال جوش و جذبے سے منعقد کیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کے مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈوکیٹ تھے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل عادل یامین م تھے۔فیسٹیول کے دوران گلگت بلتستان ٹواریزم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے گلگت بلتستان کلچرل گالا نائٹ کا اہتمام بھی کیا گیا جبکہ اختامی تقریب میں گلگت بلتستان سکاوٹس اور چترال سکاوٹس کے براس بنیڈز نے مقامی دھنوں پر بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ کیلاش فنکاروں نے روایتی رقص کا مظاہرہ کرکے شائقین سے داد وصول کی۔ آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ ایبٹ آباد کے اہلکاروں نے پاور گلائیڈنگ اور پیرا گلائیڈنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ پاک آرمی کے ایس ایس جی کمانڈوز نے C170 سے چھلانگ لگا کر پیرا جمپنگ کا دلجسپ مظاہرہ کے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔