اسلام آباد(آئی پی ایس)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان آمد کی خبروں کے درمیان مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مفتاح اسماعیل وزیراعظم کی ٹیم کے محنتی ترین ارکان میں سے ایک ہیں، وہ ہر وقت اسٹیک ہولڈرز کو دستیاب رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ان پر مسلم لیگ (ن)کے اندر سے بھی تنقید ہوئی ہے مگر اس وقت مفتاح اسماعیل کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرنیکی ضرورت ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستانی معیشت سے متعلق مفتاح اسماعیل کے علم کا پاکستانی سیاست میں اورکسی سے کوئی موازنہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار جولائی کے آخر تک پاکستانی پہنچ جائیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ میری وطن واپسی میں وزیراعظم شہباز شریف کی رضامندی شامل ہے ، نواز شریف کے حکم پر پاکستان جارہا ہوں۔اسحاق ڈار کے مطابق نیا پاکستانی پاسپورٹ مل چکا ہے، ڈاکٹر نے بھی اجازت دے دی ہے، پاکستان واپسی کے لیے کسی لیگی رہنما کی اجازت نہیں چاہیے، نواز شریف کا حکم کافی ہے، مجھے تحریک انصاف کی حکومت نے انتقام کا نشانہ بنایا۔