
اسلام آباد(آئی پی ایس)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی کے اور ٹیکے لگیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ پیٹرول میں15 روپے اور ڈیزل میں14 روپے اضافے کے بعد جولائی میں مہنگائی کے اور ٹیکے لگیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف نہیں تکلیف ملے گی، لوگ گھریلو سامان بیچ کر گزارا کررہے ہیں اور ابھی بجلی کا بل بھی آنا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ووٹ بیچنے والے کو عہدے اور پارٹی ٹکٹ مل رہے ہیں، عنقریب حکومت کا سیاسی جنازہ دھوم سے نکلے گا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ ایک ڈمی حکومت ہے جس کا ایجنڈہ صرف اپنے کیس ختم کرنا اور آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کوئی غرض نہیں کہ غریب پر کیا بیت رہی ہے، یہ اپنا ملبہ دوسروں پر ڈال کر خود چلے جائیں گے اور ملک کو شدید ترین معاشی، سیاسی اور اقتصادی بحران میں ڈال جائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما شیخ رشید نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن چوری کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے 85 پیسے کا اضافہ کردیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 248 روپے 74پیسے فی لٹر ہوگئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13روپے 23پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 276روپے 54پیسے ہوگئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت پر 10 روپے لیوی عائد کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر فی لیٹر 5 روپے لیوی عائد کی گئی ہے۔