گلگت (آئی پی ایس ) سابق وزیراعلی و صدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ صوبائی حکومت اپنی نااہلیوں اور ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔حقائق ان کے لئے تلخ ہوتے جارہے ہیں۔حقائق کو چھپانے کیلئے منفی ہتھکنڈے حالیہ پیش کردہ بجٹ میں کھل کر سامنے آچکے ہیں۔
سلیکٹڈ صوبائی حکومت اپنے سابقہ بجٹ کا ایک بھی حدف حاصل نہیں کرسکی۔پورا بجٹ اور قوم کا قیمتی ایک سال انکی نااہلیوں کے نذر ہوگیا۔یہ عناصر عوامی وسائل اور نظام کو ناقابل تلافی نقصان کر بیٹھے ہیں۔موجودہ بدترین مالیاتی صورتحال میں اپنی بدترین نااہلیوں اور ناکامیاں چھپانے اور اپنی جعلی حکومت کے وجود کو ظاہر رکھنے کیلئے 50 ارب کا ترقیاتی اخراجات کا غیر حقیقی اور جعلی اعداد و شمار بجٹ میں پیش کئے ہیں ان اعداد و شمار میں تاریخی فراڈ کی گئی ہے تاکہ مستقبل قریب میں اپنی جھوٹی سیاست اور روایتی الزام تراشیوں کا دائرہ وسیع کیا جاسکے۔
حقائق جاننا پوری قوم کا حق ہے سلیکٹڈ صوبائی حکومت فوری طور پر 50 ارب کے ترقیاتی اخراجات کے زرائع قوم کے سامنے رکھے یا قوم سے جھوٹ بولنے اور حقائق کو مسخ کرنے پر قوم سے معافی مانگے۔انہونے مزید کہاکہ عوام دوست وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں نے بدترین مالیاتی صورتحال کے باوجود بجٹ میں متوسط اور غریب طبقے کیلئے بہترین مالیاتی سہولیات دی ہیں جبکہ گلگت بلتستان کی سلیکٹڈ صوبائی حکومت نے بجٹ میں اعلی مراعات اور سہولیات صرف حکومت کیلئے متعارف کروائی ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کو بہترین خدمات دینے والے اداروں محکمہ صحت کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف،صفائی کے اعلی خدمات انجام دینے والے ادارے ویسٹ منیجمنٹ اور قوم کے ہر مشکل میں کھڑے ہونے والے ادارے 1122 کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے اسمبلی میں ان اداروں کے خدمات کے اعتراف اور موجودہ مہنگائی کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف اور ریسکیو 1122 کیلئے رسک الاؤنس اور ویسٹ منیجمنٹ کے ادارے کیلئے 25 فیصد تنخواہوں میں اضافے کا کٹ موشن بل اسمبلی میں پیش کیا ہے۔سلیکٹڈ صوبائی حکومت فوری طور پر ان اداروں کے خدمات کے اعتراف میں رسک الاؤنس اور تنخواہوں میں فوری اضافہ کرے۔سابق وزیراعلی حفیظ الرحمن نے کہاکہ عمران نیازی اپنے انہی کرتوتوں،نااہلیوں اور ناکامیوں اور بدترین کرپشن کے بوجھ تلے اپنی جعلی اقتدار سے نکل کر بنی گالہ تک محدود ہوچکا۔سیاست عوام سے نکل کر صرف کرکٹ کے چاہنے والوں تک محدود کرواچکا ہے۔
سلیکٹڈ صوبائی حکومت عمران نیازی کے بدترین سیاسی انجام کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوش کے ناخن لے اور اپنا قبلہ درست کرے نظام کو حقائق اور عوام کے خواہشات کے مطابق چلانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔اپنی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہوئے فوری اصلاح کرے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ سے ثابت ہے بدترین دھاندلی سے قائم سلیکٹڈ حکومتیں تاریخ کی ناکام حکومتیں رہی ہیں۔ایسی حکومتوں سے عوام اور نظام کو ہمیشہ نقصان ہی پہنچا ہے۔
سلیکٹڈ حکومتوں کا وطیرہ رہا ہے کہ وہ خود کو عوام کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے۔ جھوٹ،بہتان،حقائق کو چھپانے توڑنے مروڑنے،الزام تراشیوں،جھوٹے دعوؤں وعدوں سے وقت گزاری ان کا پسندیدہ مشغلہ رہا ہے بدقسمتی سے آج گلگت بلتستان میں بھی یہی کھیل جاری وساری ہے۔حکومت اپنے حرکتوں سے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے عوام دوست اپوزیشن جماعتوں کا کردار موجود صورتحال میں کردار انتہائی اہم ہوچکا۔پوری قوم اپوزیشن جماعتوں کی طرف دیکھ رہی ہے اور مسلم لیگ (ن) اپنی عوامی زمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ صوبائی حکومت جھوٹے اعداد و شمار سے پورے گلگت بلتستان کے مالیاتی نظام کو تباہ کرنے نکلی ہے۔اس مذموم حرکت سے عوامی مفاد اور نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوچکا ہے سلیکٹڈ صوبائی حکومت عوامی مفاد اور نظام کو خراب کرکے مستقبل میں الزامات کی سیاست کو فروغ دینا چاہتی ہے تاکہ عوام کے آنکھوں میں دھول جھونک سکے۔مسلم لیگ (ن) نے حقائق سامنے لاکر ان کی سازش کو بے نقاب کیا ہے۔