اسلام آباد (آئی پی ایس )جولائی میں بھی ڈالرز آنے کے امکانات کم ہو گئے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف چار ہفتے اپنی شرائط پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کرے گا۔پاکستان کو تین بڑی شرائط پورا کرنے کے بعد ہی رقم ملے گی۔
آئی ایم ایف اپنی شرائط پر عملدرآمد کی ایک ماہ تک مانیٹرنگ کرے گا تاہم ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ شرائط مان بھی لیں تو جولائی میں دو ارب ڈالر ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نئی شرائط کے تحت پاکستان کے زر مبادلہ، کرپشن روکنے کے سسٹم اور قیمتیں بڑھانے کے شیڈول کی ڈائریکٹ مانیٹرنگ ہو گی۔
یہ شرائط پالیسی فریم ورک، کمفرٹ پیپر اور پالیسی میمورنڈم کے بعد سامنے آرہی ہیں۔ڈالر، پٹرولیم اور بجلی کی نئی قیمتوں کا جائزہ لینے کے بعد معاہدہ فائنل ہو گا۔ پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس اور لیوی لگانے کا سلسلہ یکم جولائی سے شروع کرنا ہو گا جس سے 900 ارب روپے اضافی حاصل ہوں گے۔ جولائی میں اینٹی کرپشن کا نیا یونٹ بھی تشکیل دینا ہو گا۔