
لاہور(آئی پی ایس ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آرمی چیف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحرک ہیں۔
چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سعودی عرب کا سب سے بڑا ایوارڈ کنگ عبدالعزیز کا ملنا پاکستان کیلئے خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوارڈ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ذاتی کاوشوں، محنت کا صلہ ہے، ان کی فارن پالیسی پر عبور کی وجہ سے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔
پرویز الہی نے کہا کہ آرمی چیف کو کنگ عبدالعزیز ایوارڈ کا ملنا پوری پاکستانی قوم کیلئے باعث فخر ہے، آرمی چیف نے مشکل وقت میں یو اے ای، قطر اور سعودی عرب خود جا کر تیل کی ادائیگی کو ملتوی کروایا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحرک ہیں، پاکستانی قوم اپنے آرمی چیف پر جتنا فخر کرے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا سپہ سالار ہمارا فخر ہے، قوم انکی خدمات کی معترف ہے، ملکی دفاع کو مضبوط بنانا ہوخارجہ محاذ پر اہم چیلنجز ہوں، آرمی چیف نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہمیشہ ملکی مشکلات کے حل میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، آرمی چیف پاکستان کے معاملات پر ہمیشہ وطن کے لئے ڈلیور کرتے نظر آئے ہیں۔