
راولپنڈی(آئی پی ایس ) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کے وہاں پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاوہ ازیں سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان بارڈر کے قریب غلام خان کے علاقے سیدگئی میں خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکورٹی اہلکار شہید ایک زحمی ہو گیا ، شہید ہونے والے اہلکاروں میں حوالدار بابو اور نائب صوبیدار منیر شامل ہیں،زخمی اہلکار نائیک صمد کو اسپتال منتقل کر دیا۔