اسلام آباد(آئی پی ایس ) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات اب بجٹ کی منظوری کے بعد ہوں گے جس میں قرض معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ آئی ایم ایف میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی فریم ورک 2 روز میں پاکستان کو دئیے جانے کا امکان ہے ۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف اورپاکستانی حکام کے مذاکرات بجٹ منظوری کے بعد 28 جون کو ہوں گے جس کے بعد قرض کے معاہدے پردستخط کیے جائیں گے، پاکستان کی طرف سے وزیرخزانہ اور گورنراسٹیٹ بینک دستخط کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے قرض پروگرام 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر 8 ارب ڈالر کرنے کی درخواست کی ہے اور آئی ایم ایف سے قرض کی مدت میں ایک سال کی توسیع بھی مانگی ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ پروگرام 2023 کے بجائے2024 تک چلے۔ذرائع نے بتایاکہ اگلے مالی سال بجٹ کا حجم تقریبا 10 ہزارارب روپے ہوجائیگا،پیٹرولیم مصنوعات پر 11 فیصد سیلز ٹیکس یکم جولائی سے وصول کیا جائے گا اور پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹرلیوی لگانیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر ہرماہ 5 روپے فی لیٹر لیوی لگانے پراتفاق ہوا ہے جب کہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 7005 سے بڑھاکر 7450 ارب روپے کرنے، کسٹم وصولی کا ہدف950 ارب سے بڑھا کر1005 ارب جب کہ جی ایس ٹی وصولیوں کاہدف3008 سے بڑھاکر 3300ارب روپیکرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا ہدف 55 ارب روپے کردیاگیا ہے۔ذرائع کے مطابق پالیسی فریم ورک اگلے 2 دن میں پاکستان کو دے دیا جائے گا۔