اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھیکہ سیداں میں خانقاہ کی اکتالیس کنال قطع اراضی پر ملک کے معروف اینکر جاوید چودھری کی جانب سے سی ڈی کی ملی بھگت سے قبضہ کے مشہور کیس کا فیصلہ سنا دیاہے، عدالت عالیہ نے خانقاہ سید مقیم شاہ کی زمین کا قبضہ واگزار کرانے اور گدی نشین رفاقت شاہ کی جاوید چوہدری،سی ڈی اے،شہزاد خان بنگش ،چوہدری بشیر سمیت دیگر کے خلاف رٹ پر ان کے حق میں ڈی مارکیشن کی بدولت ہونے والے فیصلے میں وہاں بنائی گئی غیرقانونی تعمیرات کو گرانے کا حکم جاری کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں خانقاہ سید مقیم شاہ کی اکتالیس کنال 18مرلے جگہ کے ایک حصے پر ملک کے معروف اینکرپرسن جاوید چودھری نے سی ڈی اے کی مبینہ ملی بھگت سے مکانات تعمیر کر نے کے خلاف گدی نشین رفاقت شاہ کی طرف سے درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالتی حکم پر زمین کی ڈی مارکیشن کرائی گئی اور خانقاہ کی زمین پر قبضہ ثابت ہوگیا تاہم ذرائع کا کہناہے قبضہ گروپ چونکہ انتہائی بااثر تھا اس لیے انہوں نے سی ڈی اے کو قبضہ واگزار کرانے سے مسلسل روکے رکھاہے۔گزشتہ روز ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ فیصلہ میں سی ڈی اے کو حکم جاری کیا گیاہے کہ وہ خانقاہ کی زمین پر قبضہ ختم کرائیں اور غیرقانونی تعمیرات کو گرادیا جائے۔