
اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے تمام عازمین حج کو مکہ مکرمہ پہنچانے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں قائم میڈیا سیل کے مطابق 6 جون کو پاکستان سے براہ راست مدینہ منورہ کیلئے حج فلائٹ آپریشن شروع کیا گیا جو 16جون تک جاری رہا اس دوران 16900 سے زائد سرکاری اسکیم کے تحت پاکستانی حاجی مدینہ منورہ پہنچے جہاں انہوں نے روضہ رسول پر حاضری، ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی سمیت مدینہ منورہ میں اپنی چالیس نمازیں پوری کیں اور ہر حاجی کو مدینہ منورہ میں آٹھ دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ پہنچانے کا عمل شروع کیا گیا
اس طرح بتدریج 16900 عازمین حج کو مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچانے کا عمل جمعہ24 جون کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان سے بذریعہ جدہ مکہ مکرمہ کیلئے حج پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سرکاری اسکیم کے تمام عازمین حج کو 30 جون تک حجازمقدس پہنچایا جائے گا۔ سرکاری سکیم کے بقیہ نصف حجاج حج کے بعد مدینہ منورہ جائیں گے اور وہیں سے ان کی وطن واپسی ہوگی ۔