
اسلام آباد(آئی پی ایس)جولائی میں کونسا نیا بحران کھڑا ہونیوالا ہے ؟حکومت نے عوام کو خبردار کردیا ۔
عوام جولائی میں بجلی اور سردیوں میں گیس بحران کے لیے تیار رہیں۔یہ بات وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے خبردار کرتے ہوئے کہی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق مصدق ملک کا کہنا ہے کہ حکومت جولائی کے لیے سپاٹ پر ایل این جی کا انتظام نہیں کر سکی اور اب مہنگی قیمتوں پر بھی سپلائر دستیاب نہیں ہیں
ان کا کہنا تھا کہ 2سال پہلے 4 ڈالر کی ایل این جی مل رہی تھی مگر گزشتہ حکومت نے موقع ضائع کیا اور طویل مدتی معاہدے نہیں کیے ، اب 40 ڈالر پر بھی ایل این جی دستیاب نہیں ہے۔
وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ ہم فرنس آئل اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار مزید بڑھائیں گے ، 15 جولائی کے بعد ڈیمز میں پانی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، اس سے بھی لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر 2 بڑے ایل این جی ٹرمینل لگانا چاہتا تھا مگر گزشتہ حکومت میں کرپشن کے الزامات سامنے آتے رہے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ جو سرمایا کار ایل این جی ٹرمینل لگانے کی کوشش کررہے تھے وہ واپس آئیں۔