
لاہور(آئی پی ایس)گورنر پنجاب نے سی این جی انڈسٹری کے مسائل وفاقی حکومت کے سامنے پیش کرنے کی یقین دہانی کرا دی ،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے سی این جی انڈسٹری کو یقین دہانی کرادی ہے کہ وہ جلد وفاقی حکومت کے ساتھ این جی انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بات کریں گے اور ان کے مسائل کو جلد ازجلد حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔گورنر پنجاب نے یہ یقین دہانی سوموار کے دن سی این جی انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی این جی انڈسٹری کے ایک وفد نے غیاث عبداللہ پراچہ کی قیادت میں گورنر پنجاب سے گورنر ہاوس میں ملاقات کی اور انھیں سی این جی انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کے حوالے سے اپنی اہم سفارشات بھی پیش کیں۔ گورنر نے بریفنگ کے بعد سی این جی انڈسٹری کے وفد کو اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں جکد وفاقی حکومت سے بات کریں گے اور ان مسائل کے جلد حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔سی این جی انڈسٹری کے مسائل پر بریفنگ دیتے ہوئے غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا حکومت کو اس وقت تیل کی خریداری پر ادائیگیوں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی جیسے شدید مسائل کا سامنا ہے۔ تاہم اگر حکومت سی ای جی انڈسٹری کے ساتھ تعاون کرے تو فیول امپورٹ بل کی مد میں سالانہ2.1ارب ڈالر کی بچت ممکن ہوسکتی ، گردشی قرضہ فوری طور پر 1500ارب روپے تک ختم ہوسکتا ہے اس کے علاوہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں پچاس فیصد تک کمی لائی جاسکتی ہے۔ مزید ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ماحول دوست سی این جی فیول کے گاڑیوں میں استعمال سے سالانہ 150ملین درختوں جتنا فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے اور سی این جی انڈسٹری کے کاروبار کی بحالی سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔گورنر پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے سی این جی انڈسٹری کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ سے درخواست کی کہ پ جاب کے سی این جی سٹیشن گذشتہ سات ماہ سے بند پڑے ہوئے جس سے ہزاروں گھرانوں کا روزگار ختم ہوگیا ہے اور مقامی لوگوں کی عمر بھر کی اربوں روہے کی کمائی ضائع ہورہی ہے جسے بچانے کے فوری اقدمات کئے جائیں۔ غیاث عبداللہ پراچہ نے گورنر کو بتایا کہ سی این جی آج بھی پٹرول اور ڈیزل۔کی قیمت کے مقابلے میں سستی ہے اور ملکی اوپن مارکیٹ میں پٹرول اور ڈیزل کی آسمان کو چھوتی ہوئی قیمت کی نسبت 43 فیصد پٹرول سے اور ڈیزل کی نسبت 55فیصد سستی مہیا کی جاسکتی ہے۔ ذرائع ابلاغ کو جاری ایک بیان میں سی این جی انڈسٹری کے وفد نے گورنر پنجاب سے اپنی ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں قوی امید یے کہ گورنر صاحب سی این جی انڈسٹری کو درپیش مسائل سے جلد نجات دلانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ یہاں پر اس بات کا تذکرہ بھی انتہائی ضروری ہے کہ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ملاقات کرنیوالے سی این جی انڈسٹری کے وفد جس کی قیادت مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ کررہے تھے اس میں میاں شاہد اقبال، راجہ شجاع انور، عمیر صاحب، وقاص خان، عامراعوان، عرفان غوری، سجاد حیدر اور محمود حسین شامل تھے ۔