
اسلام آباد(آئی پی ایس) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایات پر اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے مون سون سیزن کے دوران پیشگی اقدامات کردیئے گئے ۔
ڈپٹی کمشنرنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ مون سون سیزن میں نالوں میں طغیانی اور سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ،آئی سی ٹی میں مختلف پوائنٹس پر مانیٹرنگ کیمپس لگا دئے گئے ہیں ،ای الیون ، فرانس کالونی اور کورنگ نالہ میں یہ کیمپس چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے۔ان کیمپس میں ریسکیو، صحت، ریونیو، لائیو سٹاک اور سول ڈیفنس کے نمائندے کسی بھی قسم کے سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہونگے۔
ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ ریسکیو کی گاڑیاں مختلف علاقوں میں 11 جگہوں پر نشیبی علاقوں میں بارش کے دوران موجود ہونگی ،متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ جگہوں پر پہنچانے کے لئے سکولوں کو کھلا رکھا جائے گا،این ڈی ایم اے کی مدد سے ان کیمپس میں راشن بھی مہیا کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سیلابی ریلے کی وجہ سے گھروں میں پانی داخل ہونے پر بجلی بھی منقطع کردی جائے گی ،متاثرہ گھروں اور پلازوں کی بیسمنٹس کو بند کروایا جائے گا جبکہ ہسپتالوں میں ہائی الرٹ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کچی آبادیوں اور اور بارشوں کے دوران غیر محفوظ علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی،سینی ٹیشن کی ٹیمیں طوفان کی وجہ سے بند نالوں کو جلد کھولنے کے لئے ہر وقت آن روڈ ہونگی۔





