
اسلام آباد (آئی پی ایس )زندگی میں خوشی اور غم آتے رہتے ہیں ، ملک و ریاست کی خوشحالی کیلئے زندہ قومیں سخت اور کڑے حالات کا مقابلہ جان فشانی کیساتھ کرتی ہیں
،جب ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمانوں پر جارہی ہیں اور مہنگائی کا طوفان برپا ہو چکا ہے تو ایسے میں عوام کو اگر کوئی خوشخبری مل جائے تو یقیناً آپ وہ خوشخبری سننا چاہیں گے ۔
عوام کو بتاتے چلیں کہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع گھوٹکی میں ایک کنویں سے گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔
او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ گیس کی دریافت نے ملک میں توانائی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں،9 مئی کوسندھ کے ضلع گھوٹکی میں واقع ایک کنواں عمیر ساؤتھ ایسٹ کو785میٹر گہرائی تک جانچنے کے لیے ایک تحقیقی کنویں کے طور پر نکالا گیاتھا۔
تیل و گیس کمپنی نے گیس کے ذخائر کی تازہ دریافت کو توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ملک کے توانائی کے شعبے میں ایک قابل قدر اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گیس کے ذخائر کی دریافت گڈو جوائنٹ وینچر پارٹنرز کی جانب سے اپنائی گئی جارحانہ تلاش کی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔