اہم خبریںپاکستانتازہ ترینتجارت

خیبر پختونخوا میں’’شہباز سپیڈ‘‘سے سستے آٹے کی فراہمی شروع کردی، مریم اورنگزیب

 

اسلام آباد (آئی پی ایس) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کے خیبر پختونخوا کے عوام سے سستے آٹے کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے کی تفصیلات جاری کر دیں، مریم اورنگزیب نے کہا خیبر پختونخوا میں’’شہباز سپیڈ‘ سے سستے آٹے کی عوام کو فراہمی شروع کر دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر خیبرپختونخوا میں 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، خیبر پختونخوا کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کے لئے 100 موبائل سٹورز نے کام شروع کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا کو ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، سستے آٹے کی فراہمی کا منظم سلسلہ بتدریج پورے خیبر پختونخوا میں پھیلایا جائے گا، ایبٹ آباد اور پشاور زون میں 50 ہزار سے زیادہ آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں الگ الگ موبائل سٹورز کے ذریعے سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، ایبٹ آباد میں دو روز کے دوران 22 ہزار 70 سستے آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں، پشاور زون میں دو روز میں 23 ہزار 400 سے زائد سستے آٹے کے تھیلے عوام کو فروخت کئے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کو 40 روپے کلو آٹے کی فراہمی کے لئے 13 جون تک موبائل سٹورز کی تعداد بڑھا کر 200 کر دی جائے گی۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ 9 جون تک صوبہ خیبر پختونخوا میں آٹے کی فروخت کے عارضی سیل پوائنٹس بھی کام شروع کر دیں گے، 17 جون تک خیبر پختونخوا میں ان عارضی سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر 500 کر دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا خیبرپختونخوا میں سستے آٹے کی فروخت کے 993 مقامات کی مجموعی تعداد 2000 سے زائد کی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے غیور عوام سے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا ہے، خیبر پختونخوا کے بہادر عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے اور 8 سال سے ان کے صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker