
اسلام آباد(آئی پی ایس )الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں سے متعلق یصلہ سنادیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پانچ رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں پر ارکان نوٹیفائی کرنیکی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی جب کہ مسلم لیگ ن کی پارٹی نشستوں کے مطابق مخصوص نشستیں تقسیم کرنیکی درخواست بھی مستردکردی گئی۔
فیصلے کے مطابق مخصوص نشستوں پر ضمنی الیکشن تک نوٹیفکیشن روک دیا گیا ہے، پانچ مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن ضمنی الیکشن کے نتائج کے بعدجاری کیا جائیگا۔خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کے25 منحرف اراکین اسمبلی کو الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی کیا تھا، ان میں 5 مخصوص نشستوں کے اراکین بھی شامل تھے، جن میں 3 خواتین اور 2 اقلیتوں کی نشستیں شامل ہیں۔واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی 20 جنرل نشستوں پر17 جولائی کو ضمنی الیکشن ہونا ہیں اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق ضمنی انتخابات کے بعد متناسب نمائندگی کے تحت مخصوص نشستیں تقسیم ہوں گی۔