
اسلام آباد(آئی پی ایس)رواں سال کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ہو گئی ، ملک بھر میں 43 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی ہے اور ملک بھر میں 43 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے گئے ۔ ملک بھر میں 23 مئی سے 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا گیا تھااور یہ بیک وقت افغانستان کے ساتھ منعقد کی گئی تھی۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم میں 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز نے گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے۔ذرائع کے مطابق بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے کے لیے وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی گئی۔واضح رہے کہ رواں برس شمالی وزیرستان سے 15 ماہ کے وقفے کے بعد 6 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے ۔