
سکردو(آئی پی ایس )سکردو میں پہاڑ سے گر کر زخمی ہونے والے نامور کوہ پیما علی رضا سدپارہ 66 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
اہلخانہ کے مطابق علی رضا سدپارہ کی نماز جنازہ اولڈ ینگ قبرستان میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں سنیئر کوہ پیماوں اور سماجی و سیاسی رہنماوں نے شرکت کی۔ علی رضا پہاڑ سے گرنے کے باعث زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد سے ریجنل اسپتال میں زیر علاج تھے۔اہلخانہ کے مطابق علی رضا سدپارہ نے اس سال کے ٹو کی مہم جوئی پر جانا تھا، علی رضا سدپارہ کے پاس 8 ہزار میٹر سے بلند چار چوٹیوں کو 16 مرتبہ سر کرنے کا اعزاز تھا۔
عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما 17 مئی کو صبح معمول کی پریکٹس کے دوران پہاڑ سے پھسل کر زخمی ہوئے تھے، علی رضا سدپارہ کوہ پیماوں کے استاد تھے، سینئر کوہ پیماوں کا کہنا تھا کہ علی رضا سدپارہ کی رحلت سے مقامی کوہ پیما ایک شفیق سرپرست سے محروم ہوئے۔آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر ناصر کا کہنا تھا کہ علی رضا سدپارہ کی ریڑھ کی ہڈی پر گہری چوٹ لگی ہے۔سیکریٹری الپائن کلب پاکستان کرار حیدری نے کہا تھا کہ سدپارہ پہاڑ سے پھسل کر کھائی میں جا گرے تھے، جس کے باعث ان کی ریڑھ کی ہڈی اور پسلیاں ٹوٹ گئیں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ علی رضا سدپارہ کے کارناموں پر قوم کو فخر ہے۔