
اسلام آباد(آئی پی ایس ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے حج اخراجات کو کم کرنے اور حاجیوں کو سبسڈی دینے کی سفارش کردی ہے۔
مولاناعبدالغفور حیدری کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ہمسائیہ ملک اپنے حاجیوں کو سبسڈی دیتے ہیں تو حکومت پاکستان کیوں نہیں دے سکتی۔
وزارت مذہبی امور نے کمیٹی کو بتا کہ موجودہ سال حج اخراجات ساڑھے آٹھ لاکھ روپے تک ہوں گے، حج اخراجات کا اعلان سب سے اہم ہوتا ہے جو دو دن پہلے سعودی حکومت نے کیا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے سمری کو منظوری کیلئے کابینہ کو بھیج دیا ہے جس میں کمیٹی کی جانب سے حج اخراجات کم کرنے اور حاجیوں کو سبسڈی دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک کی حکومتیں حجاج کیلئے ریلیف فراہم کرتی ہیں، حکومت پاکستان بھی حجاج کیلئے سبسڈی فراہم کرے۔ کمیٹی میں بلوچستان کے حج گروپ آرگنائزرز کے کوٹے کے حوالے سے شکایات اور مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیکریٹری مذہبی امور آفتاب درانی نے بتایا کہ میرٹ کی بنیاد پر حج گروپ آرگنائزرز کو کوٹہ تقسیم کیا گیا ہے جبکہ آٹھ سو ایک پرائیویٹ کمپنیوں میں حج کوٹہ تقسیم کیا ہے جن میں سے 64 کا تعلق بلوچستان سے ہے۔
آفتاب درانی کا کہنا تھا کہ نئی اندراج شدہ کمپنیوں کی تعداد 2907 ہے جس میں سے 311 کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ بلوچستان کی نئی 311 کمپنیوں میں سے 194 کو نا اہل اور 117 کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ سینیٹ نے حاجیوں کو سبسڈی دینے کی سفارش کردی۔