
راولپنڈی ( قاضی بلال )بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا -میٹرک کے اردو لازمی کے پیپر میں سوال نمبر سات کے جزوی سوالات کیلئے دی گئی عبارت میں جوابات موجود ہی نہیں تھے ،جسے دیکھ کرطلبہ و طالبات پریشان ہو گئے ،والدین اور طلبہ پہلے ہی راولپنڈی بورڈ کے امتحانات کے ناقص انتظامات کے باعث پریشان تھے کیونکہ پیپر وقت سے پہلے آئوٹ اور کینسل ہو رہے تھے ۔
اب اس نئی صورتحال کو دیکھ کر والدین اور طلبہ و طالبات سراپا احتجاج ہیں اوربورڈ انتظامیہ پر سخت تنقید ہو رہی ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر امتحانات کے ناقص انتظامات نے اساتذہ ،طلبہ و طالبات اور والدین کی سالہا سال کی محنت کو دائو پر لگا دیا ۔والدین اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ اگر پیپرز اسی طرح بنائے جا ئیں گے تو پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کی محنت پر پانی پھر جا ئے گا ۔محکمہ تعلیم اور بورڈ فوری طور پر تو جہ دے اور عمومی انتظامات کو بہتر کرے اور خصوصی طور پر اس سوال کے نمبر طلبہ و طالبات کو دئیے جا ئیں ۔