نئی دہلی(آئی پی ایس)دنیا بھر میں کورونا کے بعد صنعتی سرگرمیوں کی بحالی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے،
لیکن ایک ملک ایسا بھی جہاں چند ماہ میں دوسری بارپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی ہے۔ٹائمزآف انڈیا کے مطابق بھارتی حکومت ملک میں بڑھتے ہوئے افراط زر کے نتیجے میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی کردی ہے۔
بھارتی وزیرخزانہ نرملا سیتا رامن نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حکومت نے مہنگائی سے پریشان عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر لاگو ٹیکسز کی شرح کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی وزارت خزانہ نے پیٹرول پرایکسائزڈیوٹی کی مد 8 روپے فی لیٹر اورڈیزل کی قیمت میں 6 روپے کمی کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ پاکستانی روپے میں بالترتیب 21 روپے اور 15 روپے بنتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیکس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں کمی سے عوام کو ریلیف دینے پر حکومت کو سالانہ 1 کھرب روپے کا نقصان ہوگا۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی بھارتی حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں بڑی کمی کی تھی۔ اس وقت بھارت میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 105 روپے 41 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 96 روپے 67 پیسے ہے۔