ماسکو(آئی پی ایس)روسی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے مطا بق امریکی صدر جو بائیڈن سمیت کل 963 افراد کے روس میں داخلے پرمستقل پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ اتورا کے روز
روسی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر ان امریکی شہریوں کی فہرست شائع کی گئی جن کی روس میں داخلے پرمستقل پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ ان افراد میں امریکی صدر جو بائیڈن سمیت کل 963 افراد کے نام شامل ہیں ۔ روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کے معاندانہ اقدامات کا جواب مناسب جوابی کارروائیوں کی صورت میں دیا جاتا رہے گا اور روس کے جوابی اقدامات ناگزیر ہیں۔ روس تصادم نہیں چاہتا اور باہمی احترام کے ساتھ کھل کر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہے۔
وائٹ ہاؤس نے 21 مئی کو ایک پریس ریلیز میں کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے دورہ ایشیا کے دوران "یوکرین کی امداد کےلیے ایمرجنسی ایکٹ” پر دستخط کیے، جس کے تحت یوکرین کو تقریباً 40 بلین ڈالر مالیت کی سکیورٹی، مالی امداد اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کی جائے گی۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے 21 مئی کو سوشل میڈیا پر بائیڈن کے دستخط کردہ امدادی بل پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے لیے امریکی حمایت بہت اہم ہے، یوکرین نئی اور مضبوط فوجی امداد کا منتظر ہے۔