
اسلام آباد(آئی پی ایس)عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے کہا ہے کہ غریب اور کم آمدنی والے ممالک کی مدد کی ضرورت ہے
تاکہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے نقصانات کو کم سے کم کر سکیں۔آئی ایم ایف نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے امیر اور غریب ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ تیزی سے بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت پر قابو پایا جا سکے۔
اس سے موسمیاتی تبدیلی اور سخت موسمی حالات سے زراعت، سمندروں کی سطح میں اضافہ، گلیشیئرز کے پگھلنے کی شرح اور بنیادی ڈھانچہ کو زیادہ سے زیادہ پائیدار بنانے کے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔آئی ایم ایف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اخراجات کے مقابلہ میں کہیں زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔ عالمی برادری اور امیر ممالک کو چاہئے کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے غریب اور کم آمدنی والے ممالک کی مدد کریں تاکہ درجہ حرارت میں تیزی سے ہونے والے اضافہ پر قابو پایا جا سکے