
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم شہبازشریف نے ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا ،پاور ڈویژن اور وزیر توانائی پر برس پڑے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے میڈیا پر پورے ملک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی رپورٹس کانوٹس لے لیا ہے اور وزیراعظم شہبازشریف نے پاور ڈویژن اور وزیرتوانائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاور پلانٹس چلنے کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیوں ہورہی ہے؟ پاور ڈویژن بجلی کی پیداوار اور طلب اور لوڈشیڈنگ بارے حقائق بتائے۔
وزیراعظم نے خرم دستگیر،مصدق ملک اور متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام سے جواب بھی طلب کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر آپ بجلی ضرورت سے زیادہ ہونے کے باوجود لوگوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات نہیں دلا سکتے تو یہ افسوسناک ہے۔وزیراعظم نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ صفر کرنے کا حکم دیا الٹا لوڈ شیڈنگ بڑھ گئی۔