اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے بعد لوٹے کھوٹے ہوگئے ہیں، الحمداللہ حق کی فتح ہوئی ہے
اسلام آباد کے علاقے سید پور میں غلامی نامنظور تحریک کے سلسلے میں منعقد شاندار جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جن لوگوں کے نام ویڈیو میں لیے ہیں ان سے قوم واقف ہے قوم تمام چہرے پہچانتی ہے، انہوں نے کہا کہ لوٹے پاکستان تو کیا اپنے حلقوں میں بھی منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ سید پور میرا دوسرا گھر ہے اسلام آباد نے ہمیشہ عمران خان کا ساتھ دیا
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور کلمے پر یقین رکھنے والا فرد غلام نہیں ہوسکتا انہوں نے کہا کہ میں پورے ملک میں عمران خان کا پیغام پہنچا رہا ہوں اور پورے ملک نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا ہے، انشااللہ بہت جلد عمران خان دوتہائی اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئے گا
جلسے میں خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف مینار ٹی ونگ کے سربراہ جے پرکاش نے کہا کہ اسلام آباد کا فیصلہ آ چکا ہے عوام امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر چکی ہے پاکستان کی تمام اقلیتی برادری چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رکن ریجنل ایڈوائزری کونسل پی ٹی آئی اسلام آباد اور سید پور کے سابق چیئرمین راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ پاکستانی قوم غلام نہیں ہوسکتی، پوری پی ڈی ایم انتہائی گھٹیا لوگوں پر مشتمل ہے انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کیونکہ وہ ختم نبوت کا سپاہی ہے اس نے پوری دنیا میں نبی کریم صل اللہ علیہ وسلم کی ناموس پر آواز بلند کی ہے، جلسہ عام میں سینیٹر گردیپ سنگھ، اراکین ریجنل ایڈوائزری کونسل ملک عامر علی، عامر مغل ، ملک رفیق ، منیرہ جاوید ، فرزند شاہ اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔