
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے )کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کو اپریل 2022 میں 84 ملین روپے سے زائد کا ریونیو موصول ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے اپریل کے مہینے میں اسلام آباد کی 31 رہائشی عمارتوں کو مکمل ہونے اور انکی جانچ پڑتال کے بعد تکمیلی سرٹیفکیٹس جاری کئے جسکی مد میں تقریبا تین ملین روپے کا ریونیو وصول کیا گیا۔
اسی طرح 28 رہائشی عمارتوں کے نقشہ جات کی منظوری کی مد میں 2 ملین روپے کی رقم وصول کی گئی۔ جبکہ کمرشل عمارتوں کے نقشہ جات کی منظوری کی مد میں شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے ماہ اپریل میں 77 ملین روپے سے زائد کی رقم وصول کی۔
اسی طرح 69 رہائشی عمارتوں کو این او سی جاری کرنے کی مد میں تقریبا سات لاکھ روپے کا ریونیو موصول ہوا۔ جبکہ 18 کمرشل عمارتوں کو تقریبا 3 اعشاریہ6 لاکھ روپے میں این او سی جاری کئے گئے۔ جبکہ بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر شعبہ بلڈنگ کنٹرول کی جانب سے بلڈنگ مالکان کو پانچ لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔
اس طرح مجموعی طور پر کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کو اپریل 2022 میں 84اعشاریہ333 ملین روپے موصول ہوئے۔