
اسلام آباد(قاضی بلال)پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی)کے سامنے فارن گریجویٹس اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پر پولیس کا تشدد متعددڈاکٹرز گرفتار و زخمی ہوگئے ۔
فارن گریجویٹس ڈاکٹر کا مطالبہ تھا کہ این ایل ای کے پاسنگ مارکس ستر فیصد سے کم کرکے پچاس فیصد کئے جائیں اس حوالے سے احتجاج کا سلسلہ دو سال سے جاری ہے ۔
جمعہ کے روز غیر ممالک سے تعلیم حاصل کرکے آنے والے سینکڑوں طلبہ نے پی ایم سی کے سامنے مظاہرہ کیا شدید گرمی میں پورا دن ڈاکٹرز احتجاج کرتے رہے اور پرامن طور پر احتجاج کیا ۔ شام کو ڈپٹی کمشنر کے حکم پر پولیس نے ایکشن لیا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا گیا اور متعدد ڈاکٹروں کی قیدیوں کی وین میں ڈال کرساتھ لے گئے ۔
اس موقع پر پمز کے ینگ ڈاکٹرز بھی اظہار یکجہتی کیلئے وہاں پہنچ گئے اور پولیس گردی کی مذمت کی اور کہاکہ اگر گرفتار ڈاکٹروں کو رہا نہ کیا تو پھر احتجاج کو پورے ملک تک پھیلا جائے گا او پی ڈی کے ساتھ ساتھ ہسپتالوںکی ایمرجنسی بھی بند کر دی جائے گی دوسری جانب پی ایم سی کے کسی بھی ذمہ دار نے ڈاکٹروں کے ساتھ کوئی مذاکرات نہ کئے ۔ واضح رہے کہ پی ایم ڈی سی کے خاتمے کے بعد جب سے پی ایم سی بنی ہے ہمیشہ سے متنازعہ رہی ہے اس سے قبل پی ایم سی کے بنتے ہی سینکڑوں پی ایم ڈی سی کے ملازمین کو فارغ کر دیا گیا تھا ۔