
اسلام آباد (آئی پی ایس )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی، جس کی سربراہی وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 153 کے تحت سی سی آئی کی تشکیل نو کی منظوری دی۔
قانون کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل وزیر اعظم کی سربراہی میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور وزیراعظم کی طرف نامزد 3 وفاقی وزرا پر مشتمل ہوتی ہے۔وزیراعظم سی سی آئی کے سرابراہ ہوں گے، اس کے علاوہ دیگر اراکین میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور وزیراعظم کے نامزد تین وفاقی وزرا وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر تجارت نوید قمر اور وزیر ریلوے اور ہوا بازی خواجہ سعد رفیق شامل ہیں۔
آئین کے مطابق سی سی آئی کی ذمہ داری ہے کہ وفاقی انتظامیہ کی فہرست میں شامل معاملات سے متعلق پالیسیوں کی تشکیل اور ریگیولیٹ کرے اور متعلقہ اداروں کی نگرانی اور کنٹرول رکھنا ہے۔اس حوالے سے آئین میں واضح کیا گیا ہے کہ کونسل کی تشکیل وزیراعظم کے حلف لینے کے 30 روز کے اندر ہوگی۔مزید بتایا گیا ہے کہ سی سی آئی کا اجلاس 90 روز میں کم از کم ایک مرتبہ ہونا چاہیے تاہم ایمرجنسی کی صورت میں صوبوں کی درخواست پر وزیراعظم اجلاس ہنگامی بنیاد پر طلب کر سکتے ہیں۔