
اسلام آباد (آئی پی ایس ) ملک میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے عوام کا جینا دوبھر کردیا، سالانہ بنیادوں پر گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 15اعشاریہ 85 فیصد تک پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی ہے،رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ملک میں 28 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں حالیہ ہفتے چھ کی قیمتوں میں کمی جب کہ سترہ اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آٹے کے تھیلے میں سب سے زیادہ یعنی 41 اعشاریہ 78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اس کے علاوہ چکن کی قیمت میں بھی 12 اعشاریہ13 فیصد ہوا جب کہ آلو کی قیمت میں 7 اعشاریہ04 فیصد، انڈوں میں 5 اعشاریہ08 فیصد اور مسور کی دال کی قیمت میں 4 اعشاریہ79 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح ماش کی دال، مٹن گوشت، سگریٹ اور ماچس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر، کیلے، چینی اور ایل پی جی کی قیمتوں مین کمی ریکارڈ کی گئی۔وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو گزشتہ ہفتے کے دوران پچھلے سال کی نسبت پیاز، ٹماٹر، لہسن اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں گزشتہ ہفتے کمی آئی لیکن گزشتہ سال کے مقابلے میں اب بھی زیادہ ہے۔