
اسلام آباد ( آئی پی ایس)پی اے آر سی میں 68 ملازمین کی بحالی کالعدم قرار دینے کے حکم پر عدم عمل درآمد کا توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں چیئرمین پی اے آر سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے پر عمل کیوں نہیں ہوا چیئرمین پی اے آر سی جواب دیں ۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔توہین عدالت کیس میں پٹشنر زاہد اکرم کی جانب سے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی پیش ہوئے ۔وکیل عمر اعجاز گیلانی نے کہاکہ 68 برطرف ملازمین کو سیاسی دباؤ پر بحال کیا گیا تھا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصلہ چیلنج ہوا۔
عمر اعجاز گیلانی نے کہاکہ عدالتی حکم پر ان ملازمین کو دوبارہ ملازمت سے فارغ کیا گیا مگر وہ آج بھی کام کررہے ہیں، ملازمین تنخوائیں ابھی بھی لے رہے ہیں ان کا کام کرنا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔ انہوںنے کہاکہ دوہزار گیارہ میں 269 ملازمین بغیر کسی پروسس کے ملازمت پر رکھے گئے، عدالتی حکم کے باوجود یہ اپنے عہدوں پر کام کررہے ہیں۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی فیصلے پر عدم عمل درآمد کی وجہ سے توہین عدالت کی کاروائی کی جائے ، عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔