اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )کی انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے محمکہ انفورسمنٹ کی نشاندھی پر بدھ کے روز مارگلہ پہاڑی کے دامن میں واقع سید پور کے علاقے میں سرکاری اراضی پر ہونیوالی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بھی سی ڈی اے عملے کی معاونت کے لئے موجود رہی۔ تفصیلات کے مطابق اس آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر تعمیر کئے گئے ایک غیر قانونی کمرے اور 1 چھپر ہوٹل کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔
مزیدبرآں مارگلہ ہلز نیشنل پارک ایریا میں محلہ درہ میں 2 غیر قانونی گھروں کو بھی بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔علاوہ ازیں محلہ کندیاں میں بھی سرکاری اراضی پر قائم ہونے والے ایک نئے مکان کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔ بعد ازاں مال ڈھیری کے علاقے میں سرکاری اراضی پر قائم کئے گئے بھینسوں کے باڑے کو جزوی طور پر بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ اسلام آباد کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لئے جنگلات کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اسکے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔