
اسلام آباد(آئی پی ایس)رمضان کے آخری ہفتے اور عید سے قبل مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں0.43 فیصد کا اضافہ ہوا، ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح15.86 فیصد پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹماٹر24 روپے17 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے جبکہ ایک ہفتے میں پیاز8 روپے24 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں زندہ مرغی5 روپے 54 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، گھی کی قیمت میں 5 روپے 99 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں گھی کی فی کلو قیمت480 روپے22 پیسے پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق دال مسور 3 روپے 24 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، انڈے4 روپے88 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر21 روپے 33 پیسے مہنگا ہوا جبکہ لہسن،آلو،دال ماش،مٹن،بیف، دودھ،دہی اور چاول بھی مہنگےہوئے
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے 4 اشیا کی قیمتوں میں کمی،22 میں استحکام رہا، آٹےکا 20کلو کا تھیلا 106روپے 94 پیسے سستا ہواجس کے بعد آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 966روپے56 پیسے پر آگئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں چینی 89 پیسے فی کلو سستی ہوئی جس کے بعد ملک میں چینی کی فی کلو قیمت84 روپے 80پیسے پر آگئی جبکہ ایک ہفتے میں گڑ 1 روپے 68 پیسے فی کلو سستا ہوا۔