راولپنڈی (آئی پی ایس )راولپنڈی میں عید الفطر کی آمد کے پیشِ نظر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسرراولپنڈی نوید ارشاد کا کہنا ہے کہ زائد کرایہ وصولی اور اوور لوڈنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا ہر جوان سخت گرمی اور روزے کی حالت میں اپنے فرائض کی بطریق احسن انجام دہی کے لئے پر عزم ہے، پردیسیوں کی محنت کی کمائی پر کسی صورت شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پردیسیوں کی باآسانی واپسی کے لئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نوید ارشاد نے مزید کہا کہ شہری زائد کرایہ وصولی یا دیگر شکایات کی اطلاع ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر دے سکتے ہیں۔
دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے جمعتہ الوداع و یوم القدس کے حوالے سے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔چیف ٹریفک آفیسرراولپنڈی نوید ارشاد نے کہا کہ جمعتہ الوداع اور یوم القدس پر ٹریفک پولیس کے 153 سے زائد اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکل انچارج اپنی پوزیشن رش والے مقامات پر رکھیں گے اور پارکنگ کے لئے مناسب بندوبست کروائیں گے، راولپنڈی ٹریفک پولیس آپ کی حفاظت اور سہولت کو اپنی عبادت سمجھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کا ہر جوان سخت گرمی میں شہریوں کی سہولت کیلئے اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروفِ عمل ہے۔چیف ٹریفک آفیسرراولپنڈی نوید ارشاد کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت اور انکے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔