کراچی(آئی پی ایس)کراچی کے صارفین کے لئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 83 پیسے اضافہ کردیا گیا۔
نیپرا میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ میں اضافے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 83 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ مارچ کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
کراچی کے صارفین کو جون کے بلوں میں اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔بجلی کی فی یونٹ قیمت بڑھنے سے کراچی کے بجلی صارفین پر7 ارب 87 کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔نیپرا اتھارٹی اعداد وشمار کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
کے الیکٹرک حکام کے مطابق ایل این جی کی قلت سے فرنس آئل والے پلانٹس چلائے گئے۔ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے 4ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑا۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے ایک ارب 14 کروڑ روپے سے زیادہ کا بوجھ پڑا اور گیس کی کمی کے باعث ایک ارب 13 کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑا۔