لاہور (آئی پی ایس) لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے گورنر پنجاب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کل تک وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کیلئے اقدامات کریں، گورنر پنجاب خود یا کسی نمائندے کے ذریعے حلف لیں۔ عدالت نے درخواست نمٹا دی۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیربھٹی نے سنایا۔ مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ گورنر پنجاب 28 اپریل تک حلف کی کارروائی مکمل کرائیں، گورنر پنجاب حلف نہیں لیتے تو کسی اور کو نامزد کریں، عدالت نے فیصلے کی کاپیاں صدر مملکت عارف علوی اور گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ارسال کرنے کا حکم دے دیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ 25 روز سے صوبہ وزیراعلیٰ کے بغیر چل رہا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں بلا جواز تاخیر کی گئی، حلف میں تاخیر آئین کیخلاف ہے۔