آزاد کشمیر

مودی کے پیکج کے اعلان کشمیریوں کو ٹریپ کرنے کی کوشش ہیں،وزیراعظم آزادکشمیر

اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے لیے ہر دن یوم سیاہ ہے، نریندر مودی کشمیر کے دورے اور پیکج کے اعلان سے کشمیریوں کو ٹریپ کرنے کی کوشش ہے ۔

 

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ سرینگر کے موقع وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ سرینگر کے موقع پر ریاست کے دونوں اطراف یوم سیاہ منائیں گے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کشمیر کے دورے اور پیکج کے اعلان سے کشمیریوں کو ٹریپ کرنے کی کوشش کرینگے ، لیکن وہ یہ سن لے کشمیری ہندوستان کی تمام چالوں سے واقف ہیں۔

 

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیری پچھتر سالوں سے جو قربانیاں دے رہے ہیں اسکی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، آج اسلام آباد میں موجود کشمیری شاہراہ جمہوریت پر بھر پور احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام شہروں میں ہندوستان کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کرکے ہندوستان کا اکھنڈ بھارت کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوستان اسٹیبلشمنٹ اور لیڈر شپ کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے، ہندوستانی قیادت نے پورے خطے کا امن دا پر لگایا ہوا ہے۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیریوں کے لیے ہر دن یوم سیاہ ہے، آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کا ماننا ہے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker