
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم شہباز شریف کل بلوچستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، قائم مقام گورنر وزیراعظم کا استقبال کریں گے۔دورہ بلوچستان کے دوران شہباز شریف کو صوبے میں سیکیورٹی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
اسکے علاوہ وزیراعظم صوبائی کابینہ کے ارکان سے ملاقات بھی کریں گے۔اس دورے پر وفاقی وزراء اور اتحادی جماعتوں کے رہنما ان کے ہمراہ ہوں گے جبکہ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل بھی وزیراعظم کے ہمراہ بلوچستان جائیں گے۔دوسری جانب حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اگلے ہفتے اپنا پہلا غیر ملکی دورہ کریں گے اور وہ 27 اپریل سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے جب کہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں وزارت خارجہ نے وزیراعظم کے آئندہ دورہ سعودی عرب کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں، جو ممکنہ طور پر اگلے ہفتے ہوگا اور وزیراعظم کے آئندہ دورہ سعودی عرب کی تفصیلات وزارت خارجہ مقررہ وقت پر جاری کرے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ دورہ سعودی عرب کے بعد وزیراعظم چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے حال ہی میں شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی تھی۔