
اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کرائو اور گھر جائو۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے موجودہ حکومت کو چوں چوں کا مربع کہہ کر مخاطب کیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے عمران خان پر سب سے بڑے دو الزام عائد کئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان پر عائد کیے جانے والے الزامات یہ ہیں کہ انہوں نے گھڑی خریدی اسے بیچ کر بنی گالہ کی سڑک بنوائی اور دوسرا ہیلی کاپٹر سے روز دفتر آتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ان دو الزامات سے اندازہ لگا لیں عمران خان نے کس قدر شفاف اور جوابدہ حکومت کی بنیاد رکھی ۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الزام لگانے والوں میں ذرا سی بھی شرم ہوتی وہ ایسی باتیں نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ اب عمران آپ کے گٹے گوڈوں میں بیٹھ گیا ہے الیکشن کرا ئواور گھر جائو۔اپنے ایک اور بیان میں فواد چوہدری نے مریم نواز کے عمرے کی ادائیگی کی درخواست کو نشانہ بنایا ہے۔