
اسلام آباد(آئی پی ایس)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ایک ہی رات میں تین مسروقہ گاڑیاں برآمد کرنے کی کامیاب کارروائی۔اطلاعات کے مطابق بروز بدھ رات نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران کو بذریعہ وائرلیس مسروقہ کرولا گاڑیوں کی ناکہ بندی نوٹ کروائی گئی۔ موٹروے پولیس کی تمام فیلڈ فارمیشن چوکس ہوئیں۔
رات کے آخری پہر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اینٹی کرائم سکواڈ کے مشاہدے میں ایک مشکوک گاڑی آئی۔ اینٹی کرائم سکواڈ کے تعاقب کرنے پر مذکورہ گاڑی پشاور ٹال پلازہ سے کچھ کلومیٹرز پیچھے سڑک کنارے لاوارث کھڑی پائی گئی۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر اس کی ڈگی سے اصلی نمبر پلیٹس برآمد ہوئیں جس کے ذریعے مزید تفتیش کی گئی۔ گاڑی میں کوئی شخص نہیں پایا گیا اور گاڑی تحویل میں لے لی گئی۔ کچھ ہی لمحوں بعد پشاور ٹال پلازہ ہی کے قریب دو اور گاڑیاں جو کہ ناکہ بندی کے ذریعے نوٹ کروائی گئی تھیں کو کامیابی کے ساتھ برآمد کر لیا گیا جن کی تفتیش کی گئی اور ثبوت اکٹھے کیے گئے ۔
تفتیش کے بعد معلوم شدہ مسروقہ گاڑیوں کے لیے لوکل پولیس سے رابطہ کر لیا گیا ہے اور بعد از ضروری قانونی کارروائی گاڑیاں لوکل پولیس کے حوالے کر دی جائیں گی۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے قومی شاہرات کو محفوظ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اپنا اولین نصب العین گردانتی ہے۔





