
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم ا کہنا تھا کہ یہ کرسی اور عہدہ پھولوں کی سیج نہیں ہے، اس وقت ہمارے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں جن کا ہمیں مل کر سامنا کرنا پڑےگا۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں ہر شعبے میں تباہی ہوئی ہے اور عوام کو ترقی کے جعلی خواب دکھائے جاتے رہے ہیں لیکن اب آپ سب نے اتحاد اور یک جہتی سے ملک کو مسائل سے نکالنا اور عوام کو ریلیف دینا ہے۔اجلاس کے دوران کابینہ کو بتایا گیا کہ اپریل اور مئی میں ڈیزل اور پیٹرول پر گزشتہ حکومت کی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے دی جانے والی سبسڈی پر قومی خزانے کو 67 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔
اعداد و شمار کے مطابق قومی خزانے کو ڈیزل پر 52 روپے فی لیٹر اور پیٹرول پر 22 روپے فی لیٹر کا نقصان ہوگا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2017-18 میں جی دی پی کا گروتھ ریٹ 6.1 فیصد رہا جبکہ سال 2021 – 22 میں گروتھ ریٹ صرف 4 فیصد ہے۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کہ مہنگائی کی شرح 2017، 18 میں 3 اعشاریہ 9 تھی اور2021 -22 میں 10 اعشاریہ 8 فیصد ہے۔